بنگلورو، 27/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کرناٹک میں ریزرویشن ایشو پر بی جے پی کو آج شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تشہیر کے لیے کرناٹک پہنچے کھرگے نے کہا کہ بدعنوان ڈبل انجن حکومت کرناٹک کے نوجوانوں کی امیدوں پر کھری نہیں اتری ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کرناتک کے لوگوں کی بھلائی اور ان کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔ کانگریس صدر نے پارٹی کے منصوبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا ’یوا ندھی‘ منصوبہ بی جے پی کی بدتر حکمرانی کا حل ہے۔
کھرگے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریزرویشن سب سے پہلے کرناٹک نے دیا تھا۔ بی جے پی کا نام لیے بغیر انھوں نے کہا کہ ’’آپ لوگوں کو کیوں مشتعل کر رہے ہیں؟‘‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت کے فیصلے کو ہم کیسے بدلیں گے؟ تو ہم لوگوں کو بتانا چاہیں گے کہ ہم اسے قانونی طریقے سے کریں گے۔
کانگریس لیڈر نے کرناٹک میں بڑھتی شرح بے روزگاری پر بھی بی جے پی حکومت کو گھیرا۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوان ڈبل انجن حکومت کرناٹک کے نوجوانوں کی امیدوں پر کھری نہیں اتری ہے۔ کھرگے نے کہا کہ کانگریس حکومت نوجوانوں کو روزگار دینے کا کام کرے گی۔ جو بے روزگار ہیں انھیں ’یوا ندھی‘ منصوبہ کے تحت مدد فراہم کی جائے گی۔
ملکارجن کھرگے کا کہنا ہے کہ ملک میں سبھی بڑے اصلاحی کام کانگریس حکومت والی ریاستوں میں ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ تعلیم کے شعبہ میں اصلاح، لائف اسٹائل میں بہتری، سفید انقلاب اور کئی دیگر طرح کے اصلاح کانگریس کی قیادت میں ہوئے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت کرناٹک کی ترقی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے دکھانے اور بتانے کے لائق کوئی بھی کام نہیں کیا ہے۔